ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : امسا ل ریاستی بجٹ میں ضلع شمالی کینراپر دی گئی ہے خصوصی توجہ۔ کئی تعمیری منصوبو ں کے لئے مختص کیے گئے ہیں کروڑوں روپے!

بھٹکل : امسا ل ریاستی بجٹ میں ضلع شمالی کینراپر دی گئی ہے خصوصی توجہ۔ کئی تعمیری منصوبو ں کے لئے مختص کیے گئے ہیں کروڑوں روپے!

Fri, 06 Mar 2020 18:51:19    S.O. News Service

بھٹکل 6/مارچ (ایس او نیوز)کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا نے سال 2020 - 21کے لئے ریاستی اسمبلی میں جو بجٹ پیش کیا اس میں ضلع شمالی کینرا میں تعمیراتی منصوبوں کے  لئے زیاد ہ فنڈ فراہم کرنے کا اعلان بھی شامل  ہے۔

 مثلاً مغربی گھاٹ کی ندیوں پرچھوٹے بند(چیک ڈیم) تعمیرکرنے کے علاوہ کاروارماہی گیری بندرگاہ کی توسیع اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے 4کروڑ روپے لاگت کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

بھٹکل کی تینگن گنڈی میں واقع ماہی گیر ی بندرگاہ کے لئے 5کروڑ روپے کی لاگت کا تعمیری منصوبہ بنایا گیا ہے۔جدید طرز پر ماہی گیری کو فروغ دینے کے لئے’کرناٹکا متسیا وکاس یوجنا‘ کے تحت 1.5کروڑ کا منصوبہ رکھا گیا ہے۔

ماہی گیر خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے جو منصوبہ بنایا گیا ہے اس کے تحت ایک ہزار خواتین کو دو پہیہ موٹر گاڑیاں فراہم کی جائیں گی، جس کے لئے پانچ کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

 سرسی کے تعلقہ سرکاری اسپتال کو ترقی دینے کا جو مطالبہ برسوں سے ہورہاتھا اس پر بھی اس دفعہ توجہ دی گئی ہے۔اور موجودہ اسپتال کو ترقی دیتے ہوئے اس میں 200بستروں کی سہولت والے اسپتال میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ہوناور کے پاوین کوروے اور انکولہ کے بیلے کیری میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بندرگاہوں کی تعمیر کے لئے 2,500کروڑ روپوں کا منصوبہ بناے ہوئے ٹینڈر طلب کیے گئے ہیں۔ساحلی علاقے کے تحفظ اوراس کی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔بجٹ میں پیش کردہ تجاویز کے مطابق ریاست کا پہلا‘کڈل دھام‘(سمندر میں رہائشی سہولت کا مرکز) ضلع شمالی کینرا میں تعمیر کیا جائے گا، جس کے لئے ایک کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔کاروار بندرگاہ کو 19کروڑ روپوں کے خرچ سے آگ بجھانے کے آلات اوردیگر سازوسامان فراہم کیے جائیں گے۔

 اسی طرح کھیتی اور باغبانی کے فروغ کے لئے بھی بجٹ میں خصوصی منصوبے بنائے گئے ہیں۔کسانوں کو طویل مدتی قرضہ جات کے منصوبے کے تحت دو لاکھ روپوں تک کے قرض پر سود میں 5%کی رعایت دی جائے گی۔اس کے علاوہ باغبانی کی پیداوار کے لئے بنیادی خریداری رقم بھی بڑھائی جائے گی اور کاٹی گئی فصلوں کو مارکیٹ میں محفوظ رکھنے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد  پر 5,000میٹرک ٹنکی گنجائش رکھنے والی ’کولڈ اسٹوریج‘ عمارت تعمیر کی جائے گی جس کا تخمینہ 75کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ چھوٹے کسانوں کو کاشت کاری اور باغبانی میں دلچسپی بڑھانے کے لئے پانچ ہزار سے دس ہزار روپے تک امداد دی جائے گی۔

 ساحلی علاقوں میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے’کرناٹکا جل ساریگے سمگرا یوجنا‘ بنائی گئی ہے۔ ریاست کے دیگر ندیو ں کے ساتھ ضلع شمالی کینرا کی کالی ندی، شراوتی ندی وغیرہ میں پانی پر سفر اور سیاحت کے منصوبے بنائے گئے ہیں۔


Share: